فردوس عاشق اعوان

پی ڈی ایم کی تحریک تاریخ میں گم ہو گئی ہے، مولانا کی ہر بار عمران خان کی حکومت کو گرانے کی خواہش پانی میں بلبلے کی طرح ہوتی ہے ،فردوس عاشق اعوان

کرمانوالہ (عکس آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاو ن خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک تاریخ میں گم ہو گئی ہے، مولانا کی ہر بار عمران خان کی حکومت کو گرانے کی خواہش پانی میں بلبلے کی طرح ہوتی ہے ،مولانا کو اب سمجھ آجانی چاہیے کہ دوسروں کے ہاتھوں کھلونا نہیں بننا چاہیے ،راجکماری داتا کی نگری چھوڑ کر پہاڑوں غاروں اور ریگستانوں کی خاک چھان رہی ہے ،کرپٹ مافیا سے کوئی مصالحت نہیں ہو سکتی ۔اوکاڑہ تحریک انصاف کے رہنماؤں اورٹکٹ ہولڈر چوھدری محمد سلیم صادق اور حاجی عبد الحمید جج سے اپنے دفتر میں ملاقات میں بات چیت کررہی تھیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجکماری داتا کی نگری چھوڑ کر پہاڑوں غاروں اور ریگستانوں کی خاک چھان رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ راجکماری اور شہباز شریف ایک دوسرے سے منہ چھپارھے ہیں ،کل کو عوام سے بھی منہ چھپائیں گے کیونکہ دونوں کے خیالات اور پروگرام الگ الگ ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مدارس کے طلباء کو سیاست میں اپنی ڈھال بنا رہے ہیں اس وقت ان طلباء کی عمریں علم حاصل کرنے کی ہیں آپ انہیں اپنی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں ۔انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اصل باگ ڈور جن کے ہاتھ میں ہے، وہ کبھی بھی آپکی خواہش پوری نہیں ہونے دیں گے اس معصومانہ خواہش میں آپ اپنی جماعت کے مخلص ساتھیوں کو بھی قربان کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آپ جن لوگوں کے وعدوں پر عوام کو بے وقوف بنارے ہیں وہ لوگ کبھی بھی وفا نہیں کریں گے ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اپنی مدت پوری کریگی اور ملک کو ترقی کی جانب لیکر جائیگی۔

انھوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا سے کوئی مصالحت نہیں ہو سکتی مگر مخلص محبت وطن اور عوام دوست لوگوں سے ملاقات کے دروازے کھلے ہیں اور جمھوریت میں کبھی بھی مزاکرات کے دروازے بند نہیں ھوتے انھوں نے کہا کہ اس ملک کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور نوجوان ہی اس ملک کی تقدیر بدلیں گے انھوں نے کہا کہ آ ج تک اس ملک کولوٹا جاتا رہا ہے تاہم اب ایسا نہیں ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک ا پنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے اور سینٹ الیکشن تک پی ڈی ایم کے اندر کے اختلافات اور ان کی ہوس کھل کر عوام کے سامنے آ جائیگی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں بھی آپس میں ایک دوسرے کو ڈاج دے رہی ہیں ،سب جماعتوں کا قبلہ مختلف ہے جہاں جس کو بھی موقع ملا وہ گول پول کرنے سے گریز نہیں کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں