مسرت جمشید چیمہ

پی ڈی ایم کو چاہے جتنے مرضی غشی کے دورے پڑیں انتخابات تو کرانا پڑینگے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو چاہے جتنے مرضی غشی کے دورے پڑیں انتخابات تو کرانا پڑیں گے ، پی ٹی آئی کو کسی سیاسی جماعت سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ پی ڈی ایم ٹولے کی پی ٹی آئی کی روز بروز بڑھتی مقبولیت سے سیاسی نبض ڈوب رہی ہے ، آنے والے دنوں میں مریم نواز اور حمزہ شہباز گروپ ایک دوسرے کے خلاف مہم چلاتے نظر آئیں گے ۔

پارٹی رہنمائوں اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پولیس نے زمان پارک میں بلا جواز آپریشن کیا ، جس طرح اسلام آباد پولیس کو ہیلی کاپٹر اور چارٹر طیاروں کی سہولیات دی گئی ، آپریشن پر جتنے اخراجات کئے گئے اتنے پیسوں سے تو پنجاب کے انتخابات ہوجانا تھے ،لیکن حکمرانوںکا اصل مقصد کسی نہ کسی طرح تحریک انصاف اور عمران خان کو دیوار سے لگانا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کا یہ دعویٰ ہے کہ معیشت کو ٹھیک کرنے اورعوام کیلئے دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے بعد انتخابات میں جائیں گے تو ایسا ہونا کئی صدیوں میں بھی ممکن نہیں ، پی ڈی ایم ٹولہ اپنے لئے تو دودھ اور شہد کی نہریں بہا لے گا لیکن عوام کو ان سے کوئی توقع نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں جتنی مرضی رکاوٹیں پیدا کریں ان شا اللہ پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور دوبارہ حکومت بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں