اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں صرف دو پارٹیاں ہیں ،تمام جماعتیں صرف میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں، اس کی کوئی حقیقت باقی نہیں رہی،سعودی عرب 30 لاکھ میں سے 30 فیصد ویزے پاکستانی افرادی قوت کو تفویض کریگا،صحافی اسد طور پر حملے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں،بہت جلد کیس میں حقیقت تک پہنچ جائیں گے، معاملہ پر بعض عناصر اپنے غیرملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے ملک کی خفیہ ایجنسی کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے،نادرا میں تکنیکی بنیادوں پر جدید تبدیلی ضروری ہے،سعودی عرب میں ویکسینیشن کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے علم ہے جس پر جلد ساری صورتحال واضح ہوجائے گی۔
منگل کو میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ صحافی اسد طور پر حملے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں،بہت جلد کیس میں حقیقت تک پہنچ جائیں گے،نادرا، ایف آئی اے اور پولیس مل کر تحقیقات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فنگر پرنٹس کی کل تک نشاندہی ہوسکتی ہے اور اگر آئند چند روز میں ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکے تو اشتہار دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ بعض عناصر اپنے غیرملکی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے ملک کی خفیہ ایجنسی کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایسے واقعات پر ملک کے انتہائی اہم ادارے پر الزامات لگاتے ہیں تو انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ عالمی سطح پر ادارے کی ساکھ کو کتنا نقصان پہنچتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے نجی نیوز چینل جیو پر تجزیہ کار اور اینکر حامد میر کے پروگرام کو بند نہیں کیا۔شیخ رشید نے کہا کہ میں گزشتہ کئی برس سے ان کے پروگرام میں شریک نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی رابطہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر ایک پالیسی ہونی چاہیے جس کی بنیاد پر ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو
۔شیخ رشید نے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریکٹ موومٹ (پی ڈی ایم) سے متعلق کہا کہ جب میں آپ سے کہتا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے مسلم لیگ (ش) نکلے گی تو آپ میرا مزاق اڑا تے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب پی ڈی ایم صرف دو پارٹیاں ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شریک تمام جماعتیں صرف میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں، اس کی کوئی حقیقت باقی نہیں رہی۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاکستان میں مزدور طبقے پر مشتمل افراد قوت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب 30 لاکھ ویزاوں میں سے 30 فیصد ویزے پاکستانی افرادی قوت کو تفویض کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ویزے تفویض ہونے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا اور معیشت نمو میں مزید بہتر آئے گی۔ مزیدپڑھیں: شیخ رشید نے پی ڈی ایم سے متعلق نئی پیشگوئی کردی انہوں نے کویت سے متعلق بتایا کہ وہاں 52 پاکستانی قیدی ہیں جن میں سے صرف 6 واپس آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر قیدی منشیات کے جرم میں جیل کاٹ رہے ہیں۔شیخ رشید نے سائبر کرائم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس 54 لاکھ جبکہ میرے دور میں 36 ہزار کیسزہوئے ہیں جن میں سے 6 ہزار کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سائبر ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے اور اس ضمن میں بھرتیوں کے اشتہارات بھی آچکے ہیں۔شیخ رشید نے عزم کا اظہار کیا کہ نادرا میں تکنیکی بنیادوں پر جدید تبدیلی ضروری ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب میں ویکسینیشن کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے علم ہے جس پر جلد ساری صورتحال واضح ہوجائے گی۔انہوں نے اس تاثر کومسترد کردیا کہ کسی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ یا بلیک لسٹ میں آرہا ہے۔