اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عملی طورپرختم ہوچکی،آپ بے فکررہیںاپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں،اپوزیشن نے جلسوں پرپورا زورلگا کردیکھ لیا عوام انکے ساتھ نہیں، یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے خود پھنس گئے، براڈشیٹ معاملے پرکمیشن بنا دیا ، براڈشیٹ کے علاوہ سرے محل اورحدیبیہ پیپرملزکیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی۔
بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی واتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اتحادی جماعتوں مسلم لیگ(ق) کے طارق بشیر چیمہ اور ایم کیو ایم کی کشور زہرا نے بھی شرکت کی ، وزیراعظم نے اہم حکومتی فیصلوں سے متعلق پارلیمانی پارٹی کواعتماد میں لیا۔اجلاس میں قانون سازی ، سینیٹ الیکشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ارکان اسمبلی نے بڑھتے ہوئے قرضوں سے متعلق سوالات کیے جس پرمشیر خزانہ حفیظ شیخ نے قرضوں سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم عملی طورپرختم ہوچکی ہے، انہوں نے جلسوں پرپورا زورلگا کردیکھ لیا عوام ان کے ساتھ نہیں، یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے، خود پھنس گئے، آپ بے فکررہیں، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ براڈشیٹ معاملے پرکمیشن بنا دیا ہے، براڈشیٹ کے علاوہ سرے محل اورحدیبیہ پیپرملزکیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ارکان تمام لوگ مل کراحساس پروگرام پر پورا زور لگائیں، ارکان پارلیمنٹ شیلٹر ہومز کے دورے کریں، غریبوں کو سہولیات فراہم کریں، غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہونگے۔قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہیب عامر ڈوگر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات سے متعلق آئینی ترمیم لارہے ہیں ،اراکین کو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،گزشتہ روز بھی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو شکست دی ہے ،50 سے زائد بلز اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود پیش ہوئے ،کوشش ہے اسمبلی کا اجلاس زیادہ وقت تک چلے ،پارلیمنٹ چلے گی تو حکومت بھی چلے گی۔