شیخ رشید

پی ڈی ایم عمران خان کو اسمبلی بلا کر معاشی تباہی میں شریک کرنا چاہتی ہے’شیخ رشید

لاہور ( عکس آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتیں عمران خان کو اسمبلی بلا کر معاشی تباہی میں شریک کرنا چاہتی ہیں، کیئر ٹیکر پر سوچ بچار شروع ہو گئی ہے، کشتی ڈوب رہی ہو تو اسٹیبلشمنٹ خاموش نہیں رہ سکتی۔انہوںنے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ سنگین معاشی حالات قومی سلامتی کا مسئلہ بن گئے ہیں،260 کا ڈالر اور 150 روپے کلو کا آٹا غریب کدھر جائیگا۔

22 کروڑ کا ملک چلانے کے لیے خزانے میں 20 دن کے زرمبادلہ کے پیسے نہیں جس ملک میں ٹریول ایڈوائزری جاری ہوجائے وہاں سرمایہ کاری خاک ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ بینظیر کی برسی پر بلاول کی تقریر عمران خان سے شروع اور عمران خان پر ختم ہوئی۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ 13جماعتیں اور انکے ہم نوا عمران خان کوزبردستی دھمکی سے اسمبلی بلا کر معاشی تباہی میں شریک کرنا چاہتے ہیں ۔

مشرق اور مغرب دونوں طرف سرحدوں پرحالات خراب ہورہے ہیں جو غیر ملکی سازش کے ذریعے ہم پرفیصلے مسلط کرناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشتی ڈوب رہی ہو تو اسٹیبلشمنٹ خاموش نہیں رہ سکتی ،کیئر ٹیکر پر سوچ بچار شروع ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں