اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں شیری رحمٰن کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اے این پی اور بی این پی مینگل نے پیپلز پارٹی کو حمایت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پی پی کے پاس سینیٹ میں اپنے 21 ووٹ ہیں، جبکہ اے این پی اور بی این پی مینگل کے سینیٹ میں دو دو ارکان ہیں۔ذرائع کاکہنا ہے کہ پیپلزپارٹی 25 سینٹرز کے دستخط والی درخواست چند روز میں سینیٹ سیکرٹریٹ میں دیگی۔دوسری جانب ن لیگ اعظم تارڑ کو اپوزیشن لیڈر بنانا چاہتی ہے، سینیٹ میں ن لیگ کی 18 اور جے یو آئی کی 5 نشستیں ہیں۔شاہد خان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ ن لیگ کو دیا تھا،
پی ڈی ایم کا اتفاق تھا کہ ن لیگ اپوزیشن لیڈر نامزد کرے گی، ن لیگ نے اعظم نذیر تارڑ کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے۔واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک کے اجلاس میں سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے معاملے پر (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان اختلافات سامنے آئے جس میں (ن) لیگ نے سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی اپنا اپوزیشن لیڈر لانے پر مْصر ہے۔پی ڈی ایم میں استعفوں کے معاملے پر بھی اختلافات ظاہر ہوچکے ہیں جس کے باعث 26 مارچ سے شروع ہونے والا لانگ مارچ ملتوی کردیا گیا ہے۔