مریم اور نگزیب

پی ٹی آئی ون مین پارٹی بن گئی، جسکے پاس کوئی امیدوار نہیں، مریم اور نگزیب

اسلام آباد(عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ون مین پارٹی بن چکی ہے جس کے پاس کوئی امیدوار نہیں ،ضمنی انتخابات کا نتیجہ فارن فنڈڈ فتنے کے الیکشن کمیشن اور اداروں کی جانبداری کے بیانیے کی موت ہے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا نتیجہ فارن فنڈڈ فتنے کے الیکشن کمیشن اور اداروں کی جانبداری کے بیانیے کی موت ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان پارلیمنٹ میں اپنی 2 سیٹیں کم ہونے پر جشن منانے کا ڈھونگ کررہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس پارلیمان میں172کا میجک نمبر موجود نہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 میں سے 2 مزید سیٹیں ہار کر عمران خان پارلیمنٹ اور حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔ سڑکوں پر یلغار اور وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرکے حکومت نہیں گرائی جاسکتی۔ انہوںنے کہاکہ حکومت بدلنے کیلئے 172ارکان کی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ6سیٹیں جیت کر آپ کو اسلام آباد پر یلغار کا لائسنس نہیں مل جاتا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 8 سیٹوں پر الیکشن لڑ کر پی ٹی آئی کی 8 سیٹیں کم کر دیں، حکومت کی تبدیلی کا طریقہ اسلام آباد پر جتھوں کے ذریعے یلغار کرنا نہیں۔مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ ایبسلوٹلی فراڈکیا آج بھی پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ مانگے گا؟ فارن ایجنٹ کیا آج بھی نیوٹرلز کے خلاف تقریر کریگا ؟ توشہ خانہ کا چور کیا آج بھی مسٹر ایکس اور مسٹر وائے کا نام لے گا؟ فارن فنڈڈ کیا آج بھی چیف الیکشن کمشنر کو گالی، دھمکی اور الزامات کا نشانہ بنائے گا؟ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ون مین پارٹی بن چکی ہے، جس کے پاس کوئی امیدوار نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں