پارلیمنٹ

پی این سی اے میں خلاف ضابطہ طور پر کنسلٹنٹس کی تقرریاں کی گئیں،پارلیمنٹ کی ذیلی پی اے سی میں انکشاف

اسلام آباد(عکس آن لائن) پارلیمنٹ کی ذیلی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں انکشاف ہوا ہےکہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس(پی این سی اے) میں خلاف ضابطہ طور پر کنسلٹنٹس کی تقرریاں کی گئیں،کمیٹی نے پی این سی اے کے سابقہ ڈی جیز اور ڈائیریکٹرز کی تقرریوں کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ آڈٹ حکام کو پی این سی کی موجودہ ڈی جی فوزیہ سعید کی تقرری کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کر دی، کمیٹی نے سی ڈی اے کی جانب سے پی این سی اے کو 27 ملین روپے کی رقم واپس نہ دینے کے معاملے پر چیئرمین سی ڈی کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا، کنوینر کمیٹی نور عالم خان نے ریمارکس دیئے کہ ہم کوئی بھی غیر قانونی تقرری کونہیں چھوڑیں گے۔

منگل کو پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی نورعالم خان کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن کے 2017-18 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، آڈٹ حکام نے کمیٹی کوبتایا کہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس نے پی این سی اے کی بلڈنگ کی تعمیر کے لیئے سی ڈی اے کو رقم کی ادائیگی کی، جس میں سے 27 ملین کی رقم خرچ نہیں ہوئی، وہ سی ڈی اے نے پی این سی اے کو واپس کرنا ہے لیکن انہوں نے پی این سی اے کو کہاکہ آپ نے ہمارا 14 ملین دینا ہے،

قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن کی سیکرٹری نوشین جاوید نے کمیٹی کو بتایا کہ پی این سی اے نے متواتر سی ڈی اے کوخط لکھے ہیں، کمیٹی نے معاملے پر چیئرمین سی ڈی اے کو طلب کر لیا، کنوینر کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ یہ معاملہ پچھلے کئی سالوں سے چل رہا ہے اسے حل ہونا چاہیئے ، جو بھی ہے قانون کے مطابق ہو گا، کمیٹی کے سامنے پیش کی گئی آڈٹ بریفنگ کے مطابق 2015-17 کے دوران پی این سی اے کی جانب سے کنسلٹنٹس کی خلاف ضابطہ تقرریاں کی گئی، آڈٹ حکام نے کمیٹی کوبتایا کہ تقرریاں بغیر اشتہار اور بغیر طریقہ کار کے ہوئیں،

نور عالم خان نے کہا کہ بہت سی خلاف ضابطہ تقرریاں ہوئی ہیں،رولز کو فالو نہیں کیاگیا،کنوینر کمیٹی نور عالم خان نے پی این سی اے کی موجودہ ڈی جی فوزیہ سعید کی تقرری سے متعلق استفسار کیا، فوزیہ سعید نے کمیٹی کو بتایا کہ میں تین سال لوک ورثہ کی بھی سربراہ رہی تھی، نور عالم خان نے آڈٹ حکام کو فوزیہ سعید کی تقرری کا معاملہ بھی دیکھنے کی ہدایت کر دی جس پر آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ہم نے ان کی تقرری کے حوالے سے پیرا بنایا ہے، جو ڈی اے سی میں زیر بحث آیا ہے،فوزیہ سعید نے کمیٹی کو بتایا کہ اشتہار آیاتھا،میں نے بھی اپلائی کیا تھا، کمیٹی نے آڈٹ اعتراض پر مزید غور موخر کرتے ہوئے پی این سی اے کے سابقہ ڈجی جیز اور ڈائیریکٹرز کی تقرریوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں،کنوینر کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ ہم کوئی بھی غیر قانونی تقرری کونہیں چھوڑیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں