اسلام آباد یونائیٹڈ

پی ایس ایل کے آغاز سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کو زبردست جھٹکا

لاہور (عکس آن لائن) پی ایس ایل کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے بری خبر، جنوبی افریقی فاسٹ باولر ڈیل اسٹین کی ٹورنامنٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کرکٹ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کیلئے ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ باولر ڈیل اسٹین، جو کہ پاکستان سپر لیگ کی 2 مرتبہ کی چیمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہیں، وہ اپنی قومی ٹیم کی مصروفیات کے باعث شاید ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کر پائیں۔36 سالہ ڈیل اسٹین نے انجری سے نجات کے بعد جنوبی افریقی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کی ہے اور وہ اس وقت انگلینڈ کیخلاف سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں۔انگلینڈ سے سیریز ختم ہونے کے فوری بعد جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کیخلاف بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے جو 26 فروری کو اختتام پذیر ہوگی۔

اس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم کو مارچ میں بھارت کا دورہ بھی کرنا ہے۔پروٹیز کے اس مصروف شیڈول کے باعث ڈیل اسٹین کی پاکستان سپر لیگ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ بدقسمتی سے جنوبی افریقہ کی انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت کیخلاف سیریز ان تاریخوں میں ہے جب پاکستان سپر لیگ جاری ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس تمام صورتحال میں ڈیل اسٹین سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہ واضح کر سکیں گے آیا پاکستان سپر لیگ میں ان کی شرکت ممکن ہو پائے گی یا نہیں۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ 5 کے آغاز میں اب صرف چند روز باقی ہیں۔ ٹورنامٹ کا آغاز 20 فروری سے کراچی میں ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس مرتبہ ٹائٹل کا دفاع کرے گی، جبکہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز کا انعقاد پاکستان میں ہی ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں