پی ایس ایل میچز میں بھرے ہوئے اسٹیڈیم دنیا کو پاکستان کا مثبت پیغام ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز میں بھرے ہوئے اسٹیڈیم پوری دنیا کو پاکستان کا مثبت پیغام ہے، ڈیرن سیمی اب پاکستان کے شہری ہیں، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں انکا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ، جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کے ساتھ مل کر پاکستان کرکٹ کی خدمت کی ۔

وہ بدھ کو یہاں وزیر اعظم ہاﺅس میں
پشاور زلمی کے مالک جاویدآفریدی، کپتان ڈیرن سیمی، پشاور زلمی کے ہیڈکوچ محمد اکرم اور بیٹنگ مینٹور ہاشم آملہ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی اعزازی شہریت ملنے پر ڈیرن سیمی کو گرمجوشی سے مبارکباد دی اور کہا کہ اب آپ ہمارے شہری بھی ہیں، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی آپ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ، جاوید آفریدی نے ہمیشہ ڈیرن سیمی کے کردار کو سراہا اور اعزازی شہریت دلانے میں کوشاں رہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کے ساتھ مل کر پاکستان کرکٹ کی خدمت کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے جنوبی افریقا کے لیجنڈ بیٹسمین اور پشاور زلمی کے مینٹور ہاشم آملہ کو بھی خوش آمدید کہا،وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہورہا ہے، لوگ خوش ہیں ، پی ایس ایل کے تمام میچز میں اسٹیڈیم بھرے ہوئے ہیں ، یہ پوری دنیا کو پاکستان کا مثبت پیغام ہے۔

پشاور زلمی کے مالک جاویدآفریدی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پشاور زلمی اور ڈیرن سیمی کے کردار کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں