کراچی(عکس آن لائن)کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، کنگز نے 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے،مطلوبہ آسان ہدف کنگز نے 19.2 اوورز میں حاصل کیا، میچ میں کسی بھی بیٹسمین نے نصف سینچری اسکور نہیں کی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہفتہ کو کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 28ویں اور اہم ترین میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو میچ جیتنے کے لئے 137 رنز کا ہدف دے دیاتھا جسے کنگز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 19.2اوورز میں حاصل کرلیا۔ کنگز نے اننگ کا آغاز برق رفتاری سے کیا اور اوپنرز شرجیل خان اور بابراعظم نے صرف 5 اوورز میں مجموعی اسکور کو 60 رنز پر پہنچادیا، بدقسمتی سے اس موقع پر مین آف دی میچ شرجیل خان، عاکف جاوید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چھکوں اور3 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔تیسرے نمبر پر ڈیلپورٹ نے جب اپنی اننگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم انفرادی اسکور 18 رنز پرمحمد موسی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، انہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 چوکے لگائے۔ جب 60 رنز کے مجموعی اسکور پر کنگز کی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گریں تو ڈیلپورٹ کا ساتھ دینے کے لئے کپتان بابر اعظم آئے اور دونوں نے ملکر مجموعی اسکور میں سست رفتاری سے اضافہ کیا۔ انہوں نے11 اوورز کے اختتام پر مجموعی اسکور 82 رنز تک پہنچایااور 5.2 اوورز میں صرف 22 رنز کا اضافہ کیا۔
14 ویں اوور کی آخری گیند پر شاداب خان نے کیمرون ڈیلپورٹ کو مجموعی اسکور 90 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ ورلڈ کلاس بیٹسمین ڈیلپورٹ نے سست رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 11 رنز بنائے جس میں کوئی باؤنڈری نہیں تھی۔ افتخاراحمد کے آؤٹ ہونے کے بعد عماد وسیم بھی 34 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد ظفر گوہر کی گیند پر وکٹ کیپر سالٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔انہوں نے 2 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔جس کے بعد ولٹن بھی 6 گیندوں پر 11 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر حسین طلعت کی گیند پر کیچ ہوگئے،انہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ کنگز کو میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے 12 گیندوں پر 18 رنز درکار تھے اور وکٹ پر جورڈن اور عمید آصف موجود تھے۔شاداب خان نے 19واں اوور کرایا جس میں 13 رنز بنے۔ کنگز کو آخری اوور میں 5رنز درکار تھے۔ اس موقع پر عمید آصف نے چھکا لگا کر کنگز کو کامیابی دلوادی۔ عمید آصف نے 10 گیندوں پر 13 رنز بنائے جس میں ایک چھکا شامل تھا جبکہ فہیم اشرف نے 14 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔یونائیٹڈ کے شاداب خان نے2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد موسی،ظہر گوہر، عاکف جاویداور رومان رئیس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو میچ جیتنے کے لئے 137 رنز کا ہدف دے دیا، یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنائے۔یونائیٹڈ نے محتاط انداز میں اپنی اننگ کاآغاز کیااور دونوں اوپنرز رضوان حسین اور فل سالٹ نے ابتدائی 4.5 اوورز میں اسکور کو 35 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پر رضوان حسین 2 چوکوں کی مدد سے 14 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 17 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر وکٹ کیپر ولٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔جس کے بعد حسین طلعت نے اپنی اننگ کا آغاز کیا اور انہوں نے سالٹ کے ساتھ ملکر مزید 24 رنز کا اضافہ کیا اورمجموعی اسکور کو 59رنز تک پہنچادیا۔فل سالٹ 7.1 اوور میں ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 رنز بنائے، انہیں عماد وسیم نے جورڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔
کپتان شاداب خان نے حسین طلعت کے ساتھ ملکر مجموعی اسکور کو 79 رنز تک پہنچایا لیکن شاداب خان صرف 12 رنز بنانے کے بعد ارشد اقبال کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ جس کے بعد 100 رنز کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت انفرادی اسکور 37 رنز بنانے کے بعد افتخار احمد کی گیند پر ڈیلپورٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے،انہوں نے 30 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 چوکے لگائے۔ کنگز کے عمید آصف، جورڈن،عماد وسیم،ارشد اقبال اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔کراچی کنگز کی ٹیم کی قیادت عماد وسیم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم ، شرجیل خان، اوسامہ میر،محمد عامر، عمید آصف، افتخار احمد، ارشد اقبال سمیت تین غیر ملکی کھلاڑی کیمرون ڈیلپورٹ،چیڈویک ولٹن اورکرس جورڈن شامل تھے۔
اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی اور دیگر کھلاڑیوں میں حسین طلعت،رضوان حسین، آصف علی، فہیم اشرف،موسی خان،رومان رئیس خان،ظفر گوہراور عاکف جاوید سمیت دو غیر ملکی کرکٹرز فل سالٹ اور کولن انگرام شامل تھے۔ امپارنگ کے فرائض احسن رضا اور مائیکل گوف انجام دئیے جبکہ ٹی وی امپائر راشد ریاض تھے۔