لاہور (عکس آن لائن ) مسلم لیگ ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پارٹی کے فیصلے نے پی ڈی ایم کی جدوجہد کو نقصان پہنچایا ہے ، پیپلز پارٹی کا کل کا فیصلہ پی ڈی ایم اور جمہوری عمل کی نفی ہے ،بلوچستان عوامی پارٹی نے کس کے کہنے پر گیلانی کو ووٹ دیا ؟ ن لیگ والے بچے نہیں سب سمجھتے ہیں ۔
جب تک عمران خان ملک پر مسلط ہیں چینی ، آٹا اور د یگر چیزیں سستی نہیں ہو ں گی ، پیٹرولیم بحران پر ندیم بابر کو ہٹانا نہیں چاہیے بلکہ عمران خان کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہیے، شہزاد اکبر کو سینیٹ کا ٹکٹ نہیں ملا ا س لیئے آجکل وہ خاموش ہیں ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت ملک پر نااہل نالائق ٹولہ مسلط ہے جو عوام کو لوٹ رہا ہے، کنٹینر پر چڑھ کر جھوٹ بولے گئے، 2014 سے اب تک حکمراں جھوٹ بول رہے ہیں، یہ بولتے تھے جب مہنگائی ہوتی ہے تو اس کا مطلب وزیراعظم چورہوتا ہے،
یہ چور چور کا شور مچائیں اور خود عوام کو لوٹیں، چینی، آٹا، تیل ، انڈے اور دوائیں اس وقت تک سستی نہیں ہوں گی جب تک یہ ملک پر مسلط ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے گنے کی قیمت 180 روپے رکھی تاکہ کسانوں کو پریشانی نہ ہو، ہمارے دور میں 52 روپے میں بکنے والی چینی آج 120 روپے کلو ہوگئی، چینی کمیشن بنا تو چینی 72 روپے کلو تھی مگرآج چینی 120 تک پہنچ چکی ،حکمران چینی انکوائری کمیشن رپورٹ پر عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں، کمیشن رپورٹ میں جن افراد کو ذمے دار ٹھہرایا گیا وہ ملک پر مسلط ہیں۔
ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کو سینیٹ کا ٹکٹ نہیں ملا اس لئے آج کل وہ خاموش ہیں، ندیم بابر کو 122 ارب کا ایل این جی میں ڈاکا ڈالنے کے بعد ہٹایا گیا، پیٹرولیم بحران پر ندیم بابر کو صرف ہٹانا نہیں چاہیے بلکہ عمران خان کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہیے۔
جنہیں یہ چور کہتے تھے ان کے دور میں 35 روپے کلو آٹا تھا آج 80 روپے کلو ہے، جنہیں چور کہتے تھے ان کے دور میں انڈے 80 روپے درجن بکتے تھے 200 روپے نہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی وجہ سے چینی کی قیمت اوپر نیچے ہوتی ہے، آپ کے کاغذ لہرانے سے نوازشریف ، شہباز شریف اور حمزہ چور نہیں ہوں گے، ایف آئی اے نے کہا ہے کہ عمران خان، عثمان بزدار، خسرو بختیار اور جہانگیر ترین چینی چور ہیں۔ اب ثبوت ندیم بابر، جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور عثمان بزدار کے خلاف ہیں، آٹا، بجلی، گیس چوری اور بی آر ٹی پشاور میں نیب کہاں ہے ؟ احتساب ہو تا تو عثمان اور بزدار جیل میں ہوتے، انہوں نے کہا کہ یک کروڑ نوکریوں کے وعدے کر نیوالے کہاں ہیں؟ وزیراعظم نے نوکریاں صرف اپنے رشتہ داروں میں بانٹی ۔
مریم اورنگزیب نے پاکستان پیپلز پارٹی پر کھلے لفظوں میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کل کے فیصلے نے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کو مایوس کیا، کل جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہوا ، ایک پارٹی کے فیصلے نے پی ڈی ایم کی جدو جہد کو نقصان پہنچایا ہے پیپلز پارٹی کا کل کا فیصلہ جمہوری عمل اور پی ڈی ایم فیصلوں کی نفی ہے ، فضل الرحمن کی سر براہی میں پی ڈی ایم کے ہنگامی اجلاس کے بارے میں سو چ رہے ہیں
گزشتہ روز جو بھی ہوا اسے پی ڈی ایم میں اجلاس میں لے کر جا رہے ہیں ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جو اقتدار اخیتار کے بغیر ہو گا وہ ن لیگ کو قابل قبول نہیں ہو گا ، ہماری جدو جہد آئین اور قانون کی جدو جہد ہے ، بی اے پی نے کس کے کہنے پر یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا ؟ ن لیگ والے بچے نہیں سب سمجھتے ہیں