بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی عورت مارچ کے ساتھ ہے ، مخالفت کرنے والے پرانی دنیا میں رہتے ہیں ،بلاول بھٹو زرداری

لاہور(عکس آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عورت مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفت کرنے والے پرانی دنیا میں رہتے ہیں لیکن ان کا دور ختم ہوگیا ،اب عورت مارچ بھی کرے گی ، ڈاکٹر بھی بنے گی ،فوج میں بھی جائے گی ،آج اگر عورت چاہے گی تو وہ وزیراعظم بھی بنے گی ،کوئی عورت کا راستہ نہیں روک سکتا ، پیپلز پارٹی تاریخ بناتی ہے مسلم دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک نہیں دو بار خاتون وزیراعظم کو منتخب کیا،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پیپلز پارٹی نے شروع کیا،میں ماں کی خدمت کرنا چاہتا تھا مگر وہ شہید ہوگئیں،اب ہر عورت میری ماں ہے اورمیں ہر عورت کی اس طرح خدمت کروں گا جس طرح اپنی ماں کی کرنا چاہتا تھا۔ ا

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان اقبال میں منعقدہ ویمن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا س موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، خواتین ونگ کی صدر ثمینہ خالد گھرکی سمیت خواتین کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام وہ دین ہے جو سب سے زیادہ عورتوں کو حق دیتا ہے ،بھٹو شہید نے آئین بنا کر عورتوں کو حق دیا ،ہم کسی سے بھیک نہیں مانگ رہے ہم تو آئین میں دیئے گئے حقوق مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عورت مارچ کے ساتھ ہے ،ہم مزدوروں ،کسانوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں ،پچاس فیصد آبادی عورتوں کو بھی ہر شعبے میں برابر حق ملنا چاہیے۔ ۔قبل ازیں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اتنی شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔

پیپلز پارٹی کے قیام سے آج تک خواتین کی قربانیاں ہیں ، پیپلز پارٹی کی حکومت بھٹو کی شکل میں ہو ،شہید بی بی یا آصف زرداری کی شکل میں ہو ہم نے حقوق دیئے ہیں، ہم نے پاکستان کو جدید ریاست بنانے، ماؤں بہنوں کو شناخت دینے کا وعدہ پورا کیا ،ہم عورت مارچ کی حمایت کرتے ہیں ۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج سینئر صحافی اور کالم نگار محمد سعید اظہر کی عیادت کی۔انہوں نے محمد سعید اظہر کے قلم کی جمہوریت کیلئے کاوشوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں