راولپنڈی(عکس آن لائن)وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کو ایک دفعہ پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے جسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پیپلز پارٹی استعفے نہیں دیگی اپوزیشن کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں،
ہفتہ کوراولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ ملکی صورتحال سب کے علم میں ہے،وزیراعظم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے حکومت کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ساتھ ہی مشورہ دے ڈالا کہ آئیں اور ہمارے ساتھ الیکشن ریفارمز،کشمیر اور دریاوں پر بات کر لیں لیکن کرپشن اور نیب قوانین پر بات نہیں ہو گی۔
غلام سرور خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی لہر کیوجہ سے ہر ہفتہ این سی سی کی میٹنگ ہوتی ہے۔اپوزیشن آگے بڑھے اور کوئی تجاویز پیش کرے۔سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان پاکستان میں دہشتگردی چاہتا ہے اور اس حوالے سے ہائی الرٹ موجود ہے جس کا سب کو علم ہے۔