کراچی (عکس آن لائن) سابق صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی اور وفاقی وزراء کے خلاف ایک سازش کے تحت منفی پراپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا جب بھی انتخابات آتے ہیں پیپلزپارٹی کے مخالفین اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں، مخالفین جانتے ہیں کہ وہ چاہے جتنے بھی اتحاد بنا لیں انتخابات میں جیت پیپلزپارٹی کی ہوگی، الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے مؤقف کو سمجھتے ہوئے حلقہ بندیوں کے عمل کو ایک ماہ پہلے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا الیکشن کمیشن فوری طور پر عام انتخابات کا شیڈول جاری کرے، ملک کی معاشی صورتحال اس بات کا تقاضا کر رہی ہے کہ جلد الیکشن کروائے جائیں تاکہ معیشت سنبھل سکے، پیپلز پارٹی کی قیادت کے پاس ملک کا سیاسی اور معاشی حل موجود ہے جس سے عوام میں جاری بے چینی ختم ہوگی۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا ہم نے دبئی میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے انتخابات کی تیاری تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، کارکن تیار رہیں، پیپلز پارٹی بہت ہی جلد عام انتخابات کی مہم کا آغاز کریگی۔