پٹرولیم مصنوعات

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15سے 30 روپے تک کمی کردی گئی ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(عکس آن لائن) کورونا وائرس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے کے بعد وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15سے 30روپے تک کمی کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 81روپے 58پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 27روپے 15پیسے کمی کے بعد80روپے 10پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں سب سے زیادہ 30.01روپے کمی کی گئی ہے مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 77.45سے کم ہوکر 47.44 روپے ہوگئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 15روپے کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 47.51روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو ہو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے پیٹرول 20روپے 68پیسے سستا کرنے کی سمری بھیجی تھی۔اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 20روپے 68پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 33روپے94پیسے کمی کی سفارش کی گئی تھی۔ لائٹ ڈیزل آئل 24روپے57پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 44روپے 7پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں