کراچی(عکس آن لائن)پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر10فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
او سی اے سی کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اوراگست میں پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 1.40ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10فیصد کم ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں پی ایس او کی 1.55ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اگست میں پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 0.73ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال اگست میں ملک میں 0.79ملین ٹن اور رواں سال جولائی میں پی ایس او کی 0.68ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پی ایس او کے پیٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر18فیصد اورہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں25فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس فرنس آئل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر84فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔