شفقت محمود

پیر سے تمام پرائمری اسکول و جامعات کھل جائینگی،شفقت محمود

سکھر (عکس آن لائن)وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کی دوسری لہر کے باعث بند کیے گئے تمام پرائمری اسکول اور جامعات پیر یکم فروری سے کھل جائیں گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق ملک بھر میں یکم فروری سے تمام پرائمری اسکول اور جامعات کھول رہے ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا بہت نقصان ہو چکا ہے۔انہوں نے بدعنوانی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہمیشہ کرپشن ہائی گریڈ پر رہی ہے، لوٹ مار کا دور ختم ہو چکا ہے، احتساب ہونا ابھی باقی ہے۔وفاقی وزیرِ تعلیم و آثارِ قدیمہ شفقت محمود نے سکھر میں واقع تاریخی میر معصوم شاہ کے مینار کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر انہیں محکمہ اوقاف کی جانب سے مینار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے، ہمیں اپنے ماضی کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔وفاقی وزیر کے دورے کے موقع پر میر معصوم شاہ مینار کے اطراف دکانیں بند کرائی گئی تھیں۔اس موقع پر تاجروں نے وفاقی وزیر سے شکوہ کیا کہ دکانیں صبح 9 بجے کھل جاتی ہیں مگر کہا گیا ہے کہ وزیر کے دورے کے بعد دکانیں کھولیں۔وفاقی وزیرِ تعلیم و آثارِ قدیمہ شفقت محمود نے جواب دیا کہ میرے علم میں نہیں کہ یہاں دکانیں بند کرائی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں