خواجہ سعد رفیق

پیراگون ریفرنس،خواجہ سعد رفیق کی حاضری معافی کی درخواست منظور ،خواجہ برادران دوبارہ طلب

لاہور (عکس آن لائن ) احتساب عدالت نے پیراگون ریفرنس کی سماعت بیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے خواجہ برادران کو دوبارہ طلب کرلیا۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ جج کی عدم دستیابی کے باعث کیس میں پیشرفت نہ ہوسکی۔

احتساب عدالت میں پیراگون ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ محمد نواز چوہدری ایڈووکیٹ نے خواجہ سعد رفیق کی حاضری معافی کی درخواست عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں ہیں اور پارلیمانی کمیٹی بجٹ اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے لہذا عدالت حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

احتساب عدالت نمبر دو کے جج کی عدم دستیابی کے باعث کیس میں پیشرفت نہ ہوسکی۔ ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے خواجہ سلمان رفیق کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی اور پیراگون ریفرنس پر سماعت بیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔

نیب لاہور نے پیراگون سٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کررکھا ہے جبکہ خواجہ برادرن پر فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔ نیب ریفرنس میں ملزمان پر پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے انسٹھ کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں