فخر زمان

پہلے ون ڈے کی بیٹنگ سے اعتماد ملا’ فخر زمان

راولپنڈی (عکس آن لائن) نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ پہلے ون ڈے کی بیٹنگ سے اعتماد ملا ہے۔

فخر زمان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک روزہ فارمیٹ میں تجربہ بھی ہے اور پرفارمنس بھی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امام الحق کے ساتھ بیٹنگ کرکے اعتماد ملتا ہے، امام کی پرفارمنس میں گزشتہ کچھ عرصے میں مزید نکھار آیا ہے۔فخر زمان کا کہنا تھا کہ امید ہے امام الحق مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید پرفارمنس دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے کسی بھی بیٹنگ پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہوتا ہوں۔

جب سے کرکٹ شروع کی بطور اوپنر کھیلتا آرہا ہوں، میری پسندیدہ پوزیشن اوپننگ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹونٹی میں پرفارمنس دے کر پاکستان کو میچز جیتوا رہے ہیں، جبکہ صائم ایوب نے فٹنس اور پرفارمنس کا خیال رکھا تو لمبا کھیلیں گے۔فخر نے کہا کہ میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرتا ہوں۔قومی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک روزہ فارمیٹ میں کمبی نیشن بہترین بنا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ تک کم میچز ہونے سے ٹیم کی تیاریوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں