پیپر ملز

پھولنگر:پیپر ملزمیں بوائلر پھٹنے سے چار مزدور جاں بحق ،13زخمی

پھولنگر(نمائندہ عکس آن لائن)پیپر ملزمیں بوائلر پھٹنے سے چار مزدور جاں بحق ،13زخمی ،بیشتر کی حالت نازک ۔روہی نالہ جمبر پر واقع پیپر ملز میں رات گئے کوجن ٹو پروجیکٹ پر نصب بوائلر شدید دھماکے سے پھٹ گیاجس کی زد میں آکر وہاں کام کرنے والے محنت کش عارف،عدنان،نبیل اور مراتب جاں بحق ہوگئے جبکہ اسلم ،بابر ،جہانگیر ،ریاض ،ریاست ،مقبول ،عرفان،عمر جاوید،حافظ غلام اور ظہیر عباس وغیرہ بری طرح جھلس گئے جنھیں مقامی ہسپتال میں طبی امداد دینے کے بعد جناح ہسپتال لاہور ریفر کردیا گیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے ۔

حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اہلکار اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاروائی شروع کردی ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذکورہ بوائلرکافی پرانا تھا اور یہ لکڑیاں جلا کر چلایا جاتا تھا جس پروجیکٹ پر یہ نصب تھا وہاں ویسٹ اکٹھی کی جاتی تھی ۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بوائلر کے نیچے بننے والا ویکیوم سیفٹی والوزکے مناسب طریقے سے کام نہ کرنے کی بنا پر شدت اختیار کرگیا اور کئی ٹن وزنی بوائلر زمین سے نکل کر چھت سے جا ٹکرایا جس کے دروازے کھلنے پر اس سے نکلنے والی بھانپ اور آگ نے قرب وجوار میں کام کرنے والے مزدوروں سمیت ہر چیز کو شدید نقصان پہنچایا ۔اس واقعہ کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اس المناک حادثے کے باوجود متاثرہ حصے کے علاوہ فیکٹری کے کسی دوسرے شعبے میں کام نہیں رُکا اور تمام افسران اور مزدور بغیر کسی وقفے کے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ۔فیکٹری انتظامیہ نے جائے حادثہ کو فوری طور پر سیل کردیا جہاں کسی فیکٹری ملازم کو جانے کی اجازت نہیں دی ۔

حتی کہ حادثے کا شکار ہونے والے مزدوروں کے لواحقین بھی کئی گھنٹے فیکٹری گیٹ پر ہی روتے پیٹتے اپنے مزدور بچوں کی حالت معلوم کرنے کےلئے بے چین رہے۔اس افسوسناک حادثے میں پاکپتن سے تعلق رکھنے والے دو حقیقی بھی جاں بحق ہوگئے ۔فیکٹری انتظامیہ کی طرف سے حادثے میں مرنے والوں اور زخمی ہونے والوں کےلئے کسی امدادی پیکج یا معاونت کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں اور نہ ہی تاحال کوئی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں