لاہور (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر وسابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم اپنے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان امن چاہتے ہیں لیکن اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں، آپریشن مارگ بار سرمچار پر قوم ہماری بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے، پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
شہبازشریف نے دہشتگردوں کے خلاف سیستان میں انٹیلی بیسڈ کامیاب مشترکہ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے والی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں، حکومتی عمل داری سے محروم علاقے میں کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں،
علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون ضروری ہے، پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے مشترکہ نظام کو ری ایکٹیویٹ کیا جائے، ہم آہنگی بہتر بنانے اور بات چیت سے آگے بڑھنے کے عمل کو مزید موثر بنانا ہوگا،
کشیدگی میں کمی لانا ہوگی۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے آپریشن کے ذریعے اپنی پیشہ وارانہ قابلیت، مہارت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا، آپریشن کی قیادت اور اس میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔