برمنگھم (نمائندہ عکس)برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کے جویلین تھرو مقابلے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہاہے کہ پوری قوم کا شکریہ ،رات کو جاگ کر میرے لیے دعا کی اور اللہ تعالی نے ان سب کی دعاؤں سے مجھے گولڈ میڈل سے نوازا۔ ارشد ندیم نے کامیابی کے بعد بتایاکہ گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوش ہوں، مجھے کہنی اور گھٹنے کی انجری تھی، طبی ماہرین کا شکریہ جنہوں نے مجھ پر بہت کام کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ،پنجاب اسپورٹس بورڈ کا شکریہ جنہوں نے سہولیات دیں، مجھے انجری بھی تھی اور فینز چاہتے تھے کہ گولڈ میڈل جیتوں، پوری امید کے ساتھ آیا تھا کہ اپنے مداحوں کے لیے گولڈ میڈل جیتوں گا۔پاکستانی ایتھلیٹ نے کہا کہ بھارت کے نیرج چوپڑا انجری کی وجہ سے نہیں تھے، اگر وہ ہوتے مقابلے میں تو اور بھی مزہ آتا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ میں حکومت سے کہوں گا کہ ہمیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات دی جائیں، انشااللہ ترکی میں اسلامک گیمز میں بھی میڈل جیتوں گا۔واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو میں گولڈ میڈل جیتا، انہوں نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔وہ 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔پاکستان نے 1966 کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں میڈل جیتا جبکہ یہ 1962 کے بعد کامن ویتلھ گیمز ایتھلیٹکس میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔