اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت کی ترجیحات بڑی واضح ہیں ،
وفاق نے بڑے بھائی کا کردار نبھایا ہے اور کورونا سے نمٹنے کیلئے بیرون ممالک سے آنے والا سامان بلا تفریق تمام صوبوں کو پہنچایا گیا ہے ،کورونا سے متعلق کسی بھی قسم کی فیصلہ سازی میں تمام صوبے شامل ہیں تاہم ان پر عملدرآمد کیسے کیا جانا ہے یہ صوبوں کی ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کے اقدامات کو پوری دنیا سرا ہا رہی ہے لیکن اپوزیشن ہے کہ اس کے ” میں نہ مانوں ” کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور صرف اپنی ذاتی انا کی تسکین کے لئے اسے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔ حکومت کی ترجیحات بھی واضح ہیں ، ہم نے سب سے پہلے انسانی جانو ں کو بچانا ہے جس کیلئے ہیلتھ کیئر سسٹم کی استعداد بھی بڑھا رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ہر طرح کے کاروبار کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ موجودہ معاشی حالات کے کم سے کم منفی اثرات مرتب ہوں ۔
انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں وفاق اور صوبوں نے کیا کارکردگی دکھائی ہے وہ سامنے آ جائے گی اور عوام بہترین منصف ہیں ۔ بجٹ کا وقت بھی قریب آرہا ہے اور پارلیمنٹ کے اجلاس کے حوالے سے کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔