پنجاب یونیورسٹی

پنجاب یونیورسٹی اور پیف کے مابین تحقیق کی بنیاد پر پالیسی سازی کےلئے معاہدہ

لاہور (عکس آن لائن) :پنجاب یونیورسٹی اور پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن(پیف) کے مابین تحقیق کی بنیاد پر پالیسی سازی کےلئے معاہدہ طے پا گیا ۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی ۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود،منیجنگ ڈائریکٹر پیف منظر جاوید علی،ڈین فیکلٹی آف بزنس ، اکنامکس اینڈ ایڈمنسٹریٹیو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انورچوہدری، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری ، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ثوبیہ خرم، ڈی ایم ڈی پیف آپریشنز قراہ العین میمن اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی اور پیف پنجاب میں بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لئے تحقیق کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیف کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ منظر جاوید نے کہا کہ پیف میں تحقیق کی بنیاد پر پالیسی سازی کی کمی ہے،پیف کے مختلف منصوبوں اور پالیسیوں کے لئے تحقیق کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 25 لاکھ بچوں کی تعلیم تک رسائی، معیار تعلیم اور نصاب کی بہتری کے لئے تحقیق کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم و تحقیق کی دنیا کے ساتھ اپنا رابطہ بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں معیاری تحقیق کو فروغ دیں گے۔ڈاکٹر ممتازانور چوہدری نے بچوں کی تعلیم کے معاشی پہلوﺅں سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے طلباءو طالبات کو تحقیق اور روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں