اسپیشل اکنامک زون

پنجاب میں 13اسپیشل اکنامک زون بننے سے صنعتی انقلاب آئے گا ، وزیراعلی پنجاب

لاہور(عکس آن لائن ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں صنعت وتجارت کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، پنجاب میں 13اسپیشل اکنامک زون بننے سے صنعتی انقلاب آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملتان چیمبرآف کامرس کے سابق صدرخواجہ جلال الدین نے ملاقات کی،

اس موقع پر جنوبی پنجاب میں صنعت وتجارت کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر جلال الدین رومی نے ڈی جی خان میں صنعت وتجارت کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں13اسپیشل اکنامک زون بننے سے صنعتی انقلاب آئے گا، صنعت وتجارت کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعت کار برادری کے لیے بزنس فرینڈلی ماحول فراہم کیا گیا ہے، مظفرگڑھ میں بڑا انڈسٹریل زون بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اس صنعتی زون کے قیام سے خطے کی معاشی تقدیر بدل دیں گے، ڈی جی خان میں پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کا جلد افتتاح ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں