راولپنڈی (عکس آن لائن) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ کسان چاول اور کپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبے پر کاشت کو یقینی بنائیں، مختلف اجناس میں خود کفیل ہونے سے نہ صرف ملک کی خوراک کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ اس سے ہماری صنعتوں کوبھی عروج حاصل ہوگا،
ٹڈی دل نے پنجاب کے17اضلاع میں حملہ کیا ہے تاہم حکومت نے بروقت اقدامات اٹھائے ہیں اور جدید مشینری سے 3لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر سپرے کیا گیا ہے اور یہ عمل جاری ہے ۔ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے ایک اجلاس کے موقع پر کہا کہ کورونا وائرس کی وباء ،موسم کی غیر معمولی صورتحال کے باوجود خدا کی ذات کے فضل و کرم سے پنجاب میں گندم کی ریکارڈ خرید کی گئی ہے اور اب تک 40لاکھ میٹرک ٹن کی حد عبور کر کے گزشتہ10برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اورخریداری کا سلسلہ ابھی جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں سے درخواست ہے کہ گندم کی طرح کپاس، چاول اور دیگر اجناس کی کاشت میں بھی خصوصی دلچسپی لیں اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر کاشت کریں جس سے نہ صرف ہماری خوراک کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ہماری صنعتوں کا پہیہ بھی چلے گا ۔ حکومت سبسڈی کی صورت میں کسانوں کی معاونت کررہی ہے اوریہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں سے اپیل ہے کہ وہ زیادہ اور بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج کے استعمال کو ترجیح دیں او رمحکمہ زراعت کے عملہ توسیع کی سفارشات کو مد نظر رکھیں ۔ وزیر اعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار واضح کہہ چکے ہیں کہ ہمارا کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا اور کسان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے ۔