لاہور( عکس آن لائن)پنجاب کے تمام اضلاع میں پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 16جنوری بروزپیر سے ہوگا جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے دو کروڑ 20لاکھ سے زائدبچوں کو پولیو ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے، 20جنوری تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کیلئے84ہزار پانچ سو موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ دو لاکھ پولیو ورکرز خدمات سرانجام دیں گے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد احمد، پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
ڈاکٹر اختر ملک نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں انسداد پولیو مہم کی نگرانی خود کریں۔انہوں نے کہا کہ ہائی رسک اضلاع لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میںسوفیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کیلئے ملک کو پولیو فری بنانا ہوگا۔ چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کوالٹی چیک کرنے کی سیمپلنگ (LQAS)میں کامیابی کا تناسب 95فیصد سے کم نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ صحت عامہ ریاست کی ذمہ داری ہے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے ملتان، ڈی جی خان اور راجن پور کے ڈپٹی کمشنرز سے نومبرکی مہم میں خامیوں سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے سب کو ملکر قومی جذبے کیساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں بین الاقوامی اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔