فیصل آباد(عکس آن لائن)پنجاب میں لیچی کی سالانہ پیداوار 2882 ٹن تک پہنچ گئی ہے جبکہ لیچی کے زیر کاشت رقبہ میں بھی اضافہ ہونے لگاہے جس کے باعث یہ رقبہ 437ہیکٹرز سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔
جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ لیچی ایک لذیذ پھل ہے جس کا پودا گھنا، زمین کی طرف جھکا ہوا اور گہرا سبز ہوتاہے۔انہوں نے بتایاکہ لیچی کے پودے کی اونچائی عام طور پر 5 سے7 میٹر تک ہوتی ہے مگر بعض موزوں علاقوں میں یہ اونچائی 13 میٹر تک بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لیچی کا پھل سے لداہوا پودا انتہائی خوبصورت منظر پیش کرتاہے جس پر گلابی اور سرخ رنگ کے پھلوں کے بڑے بڑے گچھے لٹکے ہوتے ہیں جو موسم بہار میں زردی مائل سفید پھول بھی پیداکرتے ہیں جن سے قابل دیدمنظر پیداہوتاہے۔
انہوں نے کہاکہ لیچی کاپودا ایسی زمین جو گہری، میرا اور نمی قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہو میں خوب افزائش پاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ سردیوں کے موسم میں بارش لیچی کیلئے انتہائی مفیدہے تاہم دیگر ایام میں درجہ حرارت 4سے5 ڈگری ہوناضروری ہے کیونکہ زیادہ درجہ حرارت پر اس کی بڑھوتری رک سکتی ہے۔