شدید دھند

پنجاب میں شدید دھند ، اہم شاہرائیں بند، ملتان ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

لاہور( عکس آن لائن)پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث موٹرویز اور دیگر اہم شاہراہوں کو بند رکھا گیا جبکہ ،ملتان ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کو معطل کر دیا گیا جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والی 5 اور لاہور سے روانہ ہونے والی 2 پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا،خون جما دینے والی سردی سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے اور تاجر طبقہ کاروبار کا آغاز تاخیر سے کرنے پر مجبور ہے۔ترجمان موٹر ویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن جبکہ لاہور ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ تک شدید دھند کے باعث بند رکھی گئی ۔

ترجمان موٹر ویز نے بتایا کہ موٹر وے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم جبکہ موٹر وے ایم 5 کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک بند رہی ۔ترجمان نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے والی دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں ،روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔دوسری جانب ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا جس کے باعث کراچی سے آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ ہو گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی اور شارجہ جانے والی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہیں۔لاہور ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ، دھند کے باعث 5 پروازوں کا رخ اسلام آباد کے لیے موڑ دیا گیا۔جن پروازوں کا رخ موڑا گیا ہے ان میں استنبول، کویت، کوالالمپور، جدہ اور شارجہ سے آنے والی پروازیں شامل ہیں۔لاہور سے جدہ اور مدینہ جانے والی پی آئی اے کی 2 پروازوں کو بھی اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔لاہور سے مسافروں کو براستہ سڑک اسلام آباد پہنچنے کی اطلاع دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں