انتخابات

پنجاب میں انتخابات کرانے کے عدالتی فیصلے پر الیکشن کمیشن کا اجلاس کل ہوگا

اسلام آباد (عکس آن لائن)چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجا کی زیر صدارت پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے حوالے سے بات چیت کے لیے اجلاس پیر کو ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک اہم اجلاس پیر کو ہوگا جو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے میں 90 روز کے اندر انتخاب کرانے کی ہدایت کے ایک روز بعد طلب کیا گیا۔ایک عہدیدار کے مطابق ای سی پی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے نفاذ کے منصوبے کو حتمی شکل دے گا۔اس سے قبل ہونے والے ای سی پی کے اجلاس میں صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے لکھے گئے خط پر غور کیا گیا تھا ۔

کمیشن نے وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کے دوران ڈیوٹی کے لیے فوج اور سویلین سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی فراہمی سے انکار کے خط پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔اس کے علاوہ وزارت خزانہ کی جانب سے کمزور معاشی صورتحال کے پیش نظر فنڈز کی فراہمی سے انکار کے بعد انتخابی عمل کے لیے فنڈز کی کمی کا مسئلہ اٹھایا اور اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹریز اور پولیس چیف کی جانب سے پیش کردہ سیکیورٹی خدشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ پنجاب میں 90 روز کی آئینی مدت کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔

جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی اور دیگر کی جانب سے الیکشن کمیشن اور گورنر کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دینے کی درخواستین منظور کرلی تھیں۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ گورنر کے ساتھ مشاورت کر کے جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔خیال رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا جہاں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، 14 اور 18 جنوری کو تحلیل کردی گئیں تھیں لہٰذا دونوں صوبوں میں 14 سے 18 اپریل کے درمین انتخابات ہوجانے چاہئیں تاہم دونوں صوبوں کے گورنر متعدد بہانوں سے انتخابات کے لیے کسی تاریخ کا اعلان کرنے سے گریز کرتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں