لاہور(عکس آن لائن) پنجاب حکومت نے ایران سے آنیوالے 177زائرین کی قرنطینہ میں منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے آئے 777 زائرین اس وقت قرنطینہ میں ہیں جن میں سے 761کا تعلق پنجاب اور باقی کا دیگر صوبوں سے ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق ایران سے براستہ تفتان بارڈر آئے زائرین غازی یونیورسٹی ڈی جی خان میں موجود ہیں، تمام زائرین کو 14دن تک نگرانی میں رکھا جائے گا اور کسی بھی فرد میں علامات ظاہر ہونے پر اس کا ٹیسٹ کیا جائے گا جب کہ 14دن تک جن زائرین میں علامات ظاہر نہیں ہوں گی ان کو گھر بھجوا دیا جائے گا۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کے مطابق لاہور میں 54سالہ شخص میں گزشتہ روز کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جسے میواسپتال کی آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 3مشتبہ مریض نشتراسپتال ملتان، 2لودھراں، 2میو اسپتال لاہور ، ایک اے آئی ایم سیالکوٹ، ایک گجرات، ایک بھکر، ایک گوجرہ، ایک خوشاب، ایک اوکاڑہ اور ایک جہلم میں زیر نگرانی ہے۔ان مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ نتائج آنا باقی ہیں، اب تک پنجاب کے اسپتالوں میں 108مشتبہ مریضوں کے لیب ٹسٹ کیے گئے جن میں سے 83کے ٹیسٹ کلیئر نکلے۔واضح رہے کہ حکام نے ایران میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے بعد 23فروری کو تفتان میں پاک ایران بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کیا جو تاحال بند ہے جب کہ ایران سے آنے والے زائرین کو قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 184 ہوگئی ہے، سندھ سے 150، کے پی سے 15، بلوچستان سے 10، اسلام آباد سے 4، گلگت بلتستان سے 3 اور پنجاب سے 2کیسز سامنے آئے ہیں۔