لاہور (عکس آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی انتخابی نشان سے متعلق درخواست مسترد کردی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے پرویز الٰہی کو انتخابی نشان ”گدھا گاڑی ”الاٹ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے پرویز الٰہی کی انتخابی نشان مور لینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا ”گدھا گاڑی ”کا نشان الاٹ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
پرویز الٰہی نے انتخابی نشان ”مور ”لینے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار پی پی 32سے الیکشن لڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ نے الیکشن لڑنے کی اجازت دی، انتخابی نشان مور الاٹ نہیں کیا جارہا۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ انتخابی نشان مور الاٹ کرنے کا حکم دیاجائے۔