مسرت جمشید چیمہ

پرویز الٰہی زیرک سیاستدان ہیں ،مشاورت سے صوبے کو چلائیں گے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملکی سیاست میں موروثیت کاخاتمہ کردیاہے،بدعنوانی کے خلاف یلغار کی علامت بننے والے عمران خان کی فتح نے مسلم لیگ (ن)اورپیپلزپارٹی کے عشروں پر محیط بارباراقتدار پرگرفت کاخاتمہ کردیاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف بدعنوانی کے خلاف مسلسل مہم کی قیادت کی ہے بلکہ پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم ظاہر کیاہے ۔

انہوںنے کہا کہ شریف اور زرداری خاندانوں کا ایجنڈا غیر ملکی آقائوں کے مفادات اور کرپشن سے جمع کی ہوئی دولت کی حفاظت کرنا ہے جبکہ عمران خان عوامی خدمت کو بہتر بنانے کا ایک ایسا مقامی ایجنڈا سامنے لائے ہیں جس میں عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے ترجیح ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کرپٹ ایسوسی ایشن کے تمام تر حربوں کے باوجود دبائو میں نہ آنے پر قوم اعلی عدلیہ کو سلام پیش کرتی ہے ، حمزہ شہباز اب ساری زندگی جعلی وزیر اعلی کا طوق گلے میں پہن کر پھریں گے ،جعلی وزیر اعلی کے سارے غیر قانونی اقدامات ریورس ہونگے ، خزانے میں جونقب لگائی اس کا بھی حساب ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پرویز الٰہی منجھے ہوئے اور زیرک سیاستدان ہیں اور وہ مشاورت سے صوبے کو چلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے بیرون ملک جاکر اپنی سالگرہ کیساتھ مسلم لیگ (ن)کی سیاسی بربادی کا جشن منایا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں