محمد سمیع سعید

پاک چین ٹی آئی آر روٹ علاقائی تجارتی روابط میں انقلاب برپا کرے گا، نگران وزیر منصوبہ بندی

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگران وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ (ٹی آئی آر)روٹ خطے میں تجارتی روابط میں انقلاب برپا کرے گا،نئے شروع کردہ روٹ سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا، خشکی سے گھرے وسطی ایشیائی ریاستوں کو جوڑنے کے لئے ایک موثر اور محفوظ زمینی راستہ بھی فراہم ہوگا۔

گوادر پرو کو ایک انٹرویو میں نگران وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کہا کہ یہ ایک اور جیت کی صورت حال ہے کیونکہ چین کے ساتھ ہمارا تعاون بڑھ رہا ہے، کارگو ٹرکوں کا پہلا قافلہ پہلے ہی نئے ٹی آئی آر روٹ کے ذریعے چین سے پاکستان جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کنونشن کے تحت پہلی بار پاکستان کی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور معروف چینی کمپنی سی ای وی اے لاجسٹکس کے تعاون سے سرحد پار سامان کی نقل و حمل کا آغاز کیا گیا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ اہم سنگ میل چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)منصوبے کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر حاصل ہوا،کاشغر یوان فانگ انٹرنیشنل لاجسٹکس پورٹ کمپنی میں ٹی آئی آر سروس کا باضابطہ آغاز کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں این ایل سی، کاشغر کسٹمز، میونسپل کمیٹی کے حکام، سی ای وی اے لاجسٹکس اور کراس بارڈر ای کامرس ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران مقررین نے کاشغر سے اسلام آباد تک ٹی آئی آر ٹرانسپورٹ روٹ کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان ٹی آئی آر معاہدے کے تحت سامان کی نقل و حمل کے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر منظم اور مربوط کسٹم طریقہ کار کی بدولت ، ٹی آئی آر سامان کی سرحد پار نقل و حرکت تیز اور محفوظ ہوگی، یہ ہموار عمل نہ صرف وقت بلکہ اخراجات کو بھی کم کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر کارگو ٹرکوں کا پہلا قافلہ پاکستان کے لیے روانہ ہوا۔

محمد سمیع سعید نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی سی پیک منصوبوں پر کام میں تیزی لانے کے احکامات جاری کیے ہیں، جب کہ پاکستان اور چین اس یادگار کوشش کی 10 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں