پاکپتن

پاکپتن: کورونا وبا سے چھٹکارا دلانے کے لئے پاک فوج حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،بریگیڈیئر خالد محمود

پاکپتن (نمائندہ عکس آن لائن)بریگیڈیئر خالد محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر نے دنیا کے کئی ممالک کو بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور حالیہ لہر پہلے کی نسبت بہت زیادہ خطرناک ہے۔ وطن عزیز کو کورونا وبا سے چھٹکارا دلانے کے لئے پاک فوج بھی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے تاکہ اس مہلک وبا کے خاتمے کے لئے موثر کردار ادا کیا جاسکے۔ عوام پر بھی یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں۔

حکومتی شیڈول کے مطابق لاک ڈاون کی پالیسی پر سختی سے عمل کریں اور جہاں تک ممکن ہوسکے باہمی فاصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے صحت مند رہیں۔ یہ باتیں انہوں نے ڈی سی کمپلیکس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم، ڈی پی او ملک منیر ظفر، لیفٹینیٹ کرنل امجد علی، لیفٹینیٹ کرنل محمد احسن، اے ڈی سی جی ملک مشتاق احمد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احمد شہزاد سمیت پاک فوج و ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم نے اجلاس کو کورونا وائرس کی تیسری لہر کی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ کورونا سے متاثرہ مریضوں کو فراہم کی جانے والے طبی سہولیات کی فراہمی اور کورونا وباکے پیش نظر ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی، فیلڈ ہسپتالوں، مراکز صحت اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں کورونا کے ممکنہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے بہترین اقدامات کررہا ہے اور حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا سے متاثرہ مریضوں کو تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔

ڈی پی او ملک جمیل ظفر نے بتایا کہ کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے اور حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کروانے کے لئے محکمہ پولیس کے افسران و جوان بہترین انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور کورونا سے بچاوکے لئے بنائے گئے ایس او پیز اور حکومتی شیڈول کے مطابق لاک ڈاون کروانے کے لئے تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں مگر عوام کو انتظامیہ اور سیکوڑٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اس وبا کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ بے احتیاطی کی صورت میں حالات خطرناک صورتحال اختیار کرسکتے ہیں۔بریگیڈیئر خالد محمود نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجودہ حالات کے تناظر میں فیلڈ میں رہیں اور تمام امور کی کڑی نگرانی کرتے ہوئے کورونا سے بچاو کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

رمضان المبارک کے دوران مسجدوں میں کورونا ایس او پیز کی خصوصی مانیٹرنگ کی جائے اور عید الفطرپر عوام ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے باہمی فاصلے برقرار رکھے تاکہ کورونا وبا سے بچا جاسکے۔دریں اثنا بریگیڈیئر خالد محمودنے ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم، ڈی پی او ملک جمیل ظفر کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال، کورونا ویکسیشن سینٹر اور خواتین کالج میں قائم کردہ کورنٹائن سینٹر کا دورہ کیا اور عوام کودستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا اس کے علاوہ انہوں نے مختلف بازاروں، غلہ منڈی اور رمضان بازار میں کورونا سے بچاو کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیااور شہریوں میں ماسک تقیم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں موثر آگاہی کی پالیسی اپنانے پر زور دیا-

اپنا تبصرہ بھیجیں