صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

پاکستان کی پارلیمنٹ قوم کو درپیش مسائل کے ازالے کا حتمی فورم ہے، صدر مملکت

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ریاست کا ایک بنیادی ستون ہے ، قوم کو درپیش مسائل کے ازالے کا حتمی فورم ہے، پائیدار ترقی اور بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کیلئے دنیا بھر کی پارلیمانوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، پاکستانی پارلیمنٹ مساوات پر مبنی پائیدار مستقبل کی تعمیر اور پالیسی سازی میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ پارلیمنٹ کے اقدامات کی وجہ سے پاکستانی قوم کو درپیش انتہائی اہم موضوعات پر قانون سازی کی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کو آزادی کے ساتھ اپنے مذہب پر عمل کرنے کے حقوق کی بھی ضمانت دی گئی ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پارلیمان ملک کے مشترکہ مستقبل، پائیدار ترقی اور معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے کوئی موقع ضائع نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو عام آدمی کو درپیش مشکلات کم کرنے پر توجہ دینے ، خواتین، بچوں اور خصوصی افراد کے مسائل پر قانون سازی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک مضبوط ، بااختیار اور عوام کے حقیقی طور پر نمائندہ پارلیمانی نظام کے فروغ کے لیے پاکستانی قوم کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں