انضمام الحق

پاکستان کی نوجوان ٹیم نے ہوم گرائونڈ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے’انضمام الحق

لاہور(عکس آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے 18 سال بعد جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ٹیم نے ہوم گرائونڈ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، پاکستان نے تینوں شعبوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انضمام الحق نے کہا کہ فیلڈنگ میں عمدہ کیچز، فواد عالم اور محمد رضوان کی سنچریوں اور پھر پہلے ٹیسٹ میچ میں سپنرز کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بالنگ نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔انہوں نے کہاکہپاکستان کے لوئر آرڈر کا متواتر رنز بنانا اس ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق ثابت ہوا،فہیم اشرف، حسن علی، یاسر شاہ، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے بیٹنگ میں شاندار فائٹکی۔انہوں نے کہاکہ محمد رضوان کی کارکردگی میں دن بدن نکھار آرہا ہے، بطور بیٹسمین وہ جس طرح لوئر آرڈر کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ چلا رہے ہیں وہ قابل دید ہے، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں متواتر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی کارکردگی نمایاں رہی۔انضمام الحق نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک خاص اہمیت ہے اور کسی بھی کھلاڑی کو تراشنے میں اس کا کردار بہت اہم ہے، حسن علی اس کی تازہ ترین مثال ہیں کہ جس طرح انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر اپنی فارم، فٹنس اور ردھم کو واپس حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ حسن علی نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں عمدہ بالنگ کی، شاہین شاہ آفریدی نے بھی دوسری اننگز میں ان کا بہت ساتھ دیا۔سابق کپتان نے کہا کہ وہ آخر میں ٹیم مینجمنٹ کی تعریف کرنا چاہتے ہیں، مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان کے لیے یہ سیریز بہت اہم تھی مگر ان تینوں تجربہ کار کرکٹرز نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور کھلاڑیوں کو بہترین اسپورٹ فراہم کی، جس کے نتیجے میں فتح پاکستان کے نام رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں