صدر مملکت عارف علوی

پاکستان کیخلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا ‘جیسے پہلے جواب دیتے رہے ہیں‘صدر مملکت

اسلام آباد(نمائندہ عکس) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جیسے اس سے پہلے جواب دیتے رہے ہیں‘حصول پاکستان کا مقصد اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا جہاں مسلمانوں کےساتھ اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہو‘ ہم ذمہ دار ایٹمی قوت اور تمام ممالک سے امن چاہتے ہیں، ہم پرامن بقائے باہمی کے اصول پر قائم ہیں اور قائم رہیں گے، ہم اپنی سلامتی اورخودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں عوام پر جبروتشدد کیا جاتا ہے‘اقوام متحدہ نے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کی منظوری دی، ہر سال 15مارچ کواسلامو فوبیا سے نمٹنے کا دن منایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو ملک کے طول و ارض میں 82واں یوم پاکستان ملکی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب پریڈ گراﺅنڈ اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حصول پاکستان کا مقصد اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا۔انہوں نے کہا کہ حصول پاکستان کا مقصد ایسی ریاست تھا جس میں مسلمانوں کےساتھ اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہو۔صدر مملکت نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں عوام پر جبروتشدد کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے لاکھوں افغان بھائی بھوک اور بیماری سے گزر رہے ہیں، اقوام متحدہ نے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کی منظوری دی، ہر سال 15مارچ کواسلامو فوبیا سے نمٹنے کا دن منایا جائے گا۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کیخلاف قرارداد کی منظوری پر امت مسلمہ کومبارکباد پیش کرتا ہوں، او آئی سی اجلاس اسلامی ممالک کو درپیش مسائل کے حل کا موقع ہے۔صدر پاکستان نے کہا کہ ہم ذمہ دار ایٹمی قوت اور تمام ممالک سے امن چاہتے ہیں، ہم پرامن بقائے باہمی کے اصول پر قائم ہیں اور قائم رہیں گے، ہم اپنی سلامتی اورخودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کیخلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جیسے اس سے پہلے جواب دیتے رہے ہیں۔صدر مملکت نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروائے، ہم اقوام متحدہ کے اقدامات کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں