مہم کا آغاز

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 مہم کا آغاز کردیا

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 مہم کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت پی سی بی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوران نئے کرکٹ کمنٹیٹرکی تلاش کا آغاز کرے گا۔ کرکٹ کمنٹری میں پیشہ ورانہ کیرئیر بنانے کے خواہشمند افراد اس مہم میں حصہ لے سکتے ہیں۔خواہشمند امیدواروں کو مہم میں شرکت کے لیے اپنی کرکٹ کمنٹری کی ویڈیو جمع کروانا ہوگی۔اس مہم میں صرف اٹھارہ سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہری ہی حصہ لے سکتے ہیں۔ امیدوار چاہے تو اردو یا انگریزی کسی بھی ایک زبان میں اپنی کرکٹ کمنٹری کی ویڈیو بناکر بھجوا سکتے ہیں۔درخواستیں جمع کروانے والے 20 بہترین امیدواروں کے آڈیشنز خود چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کریں گے۔ ان 20 میں سے پانچ افراد کو فائنل رانڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جن میں سے ایک کو پاکستان کرکٹ کی آواز برائے 2022 قرار دیا جائے گا۔

یہ ٹائٹل جیتنے والے کمنٹیٹر کو پانچ لاکھ روپے کے انعام سمیت ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں کمنٹری کا موقع فراہم کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہاہے کہ پیپسی کے اشتراک سے پی سی بی کی جانب سے شروع کی جانے والی وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 کی یہ مہم ایک بہترین اقدام ہے، جو کرکٹ کمنٹیٹر بننے کے خواہشمند شائقین کرکٹ کو آگے بڑھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہی ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان نے کبھی بھی اتنے وسیع پیمانے پر ایسی مہم کا آغاز نہیں کیا ۔یقین ہے کہ پی سی بی اور پیپسی کے درمیان تعاون سیشروع ہونے والا وائس آف پاکستان کرکٹ 2022 دنیا بھر کے شائقین اور کمنٹیٹرزکی بھرپور توجہ حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس مہم میں شریک تمام امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہیں ۔ یہ مہم کسی بھی امیدوار کی زندگی بدل سکتی ہے کیونکہ یہ صرف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں کمنٹری کا موقع ہی نہیں بلکہ ان کے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے لیے بھی بہت سازگار رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں