اسلام آباد ( عکس آن لائن ) سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر سال 5 فروری کو ”یوم یکجہتی” کشمیر منانا کشمیر کاز کے بارے میں ہماری مستقل پالیسی کی عکاس ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے پیغام میں کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا ہر برس 5 فروری کو ”یوم یکجہتی” کشمیر منانا کشمیر کاز کے بارے میں ہماری مستقل پالیسی کی عکاس ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی اْس وقت تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ بھارت کے غیر قانونی اور جبری قبضے سے آزادی کے اپنے مقصد کو حاصل نہیں کر لیتے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عالمی برادری کو بھارت پر کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کیلئے زور دینا چاہئے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں دی گئی ہے۔