شرجیل میمن

پاکستان کا سب سے بڑا جھوٹا اور منافق شخص عمران خان سیاسی انجینئرنگ کی نئی اصطلاح استعمال کر رہا ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی(عکس آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا جھوٹا اور منافق شخص عمران خان سیاسی انجینئرنگ کی نئی اصطلاح استعمال کر رہا ہے ، یہ نیا بیانیہ بنا رہا ہے تاکہ عوام کو گمراہ کر سکے، عمران خان نے گزشتہ روز الزام لگایا ہے کہ سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لئے لوگوں کو مختلف جگہوں سے فون آرہے ہیں ، جوکہ بلکل بے بنیاد اور جھوٹی باتیں ہیں ، کسی بھی قسم کی سیاسی انجینئرنگ نہیں ہو رہی، ادارے غیر جانبدار ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص سیاسی انجنئیرنگ کی بات کر رہا ہے جس کو مصنوعی طریقے سے سیاسی انجینئرنگ کر کے جماعت بناکر دی گئی ،اور مختلف جماعتوں کے لوٹوں کو چن چن کر ان کے حوالے کیا گیا اور ملک پر ان کو تھوپا گیا،عمران خان کی سیاست کو لاہور جلسے کے ذریعے سیاسی انجینئرنگ کر کے بڑھاوا دیا گیا اور 2018 میں بدترین دھاندلی کر کے پلانٹڈ وزیر اعظم بنایا گیا ،ملک کے بچے بچے پر یہ حقیقت عیاں ہے ، یہ شخص آج سیاسی انجینئرنگ کی بات کر رہا ہے ، ان کے لئے یہ ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ ہر روز اداروں پر الزامات لگائیں اور ان کی ساکھ کومتاثر کریں ،پی ٹی آئی عملی طور پر غیر سیاسی اور کھوکھلے لوگوں پر مشتمل جماعت ہے جوکہ الزامات لگا کر اپنا کام چلانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ حکومت کو کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کرانے کا کہا ہے ، سندھ حکومت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرتی ہے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ان کی اتحادی جماعت ہے ، ان کی جتنی بھی شکایات تھیں ان کو حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ تاہم ملک میں آئینی ادارے بھی موجود ہیں ۔

آئینی ادارے جو کہیں گے ، سندھ حکومت ان پر عمل کرنے کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں رینجرز اور فوج کی تعیناتی الیکشن کمیشن اور وزارت داخلہ کے دائرہ اختیا ر میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک صاحب نے کراچی میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات خونی ہونگے ، جس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے ، انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ خونی ہوگا تو پھر انہوں نے یہ کر کے دکھایا اور اب نئی بات کر رہے ہیں کہ کراچی میں خونی بلدیاتی انتخابات ہونگے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خدانخواستہ اگر کراچی میں ایسی کوئی شرارت ہوئی تو اس شخص کو شامل تفتیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان یا کوئی اور اس بات کا نوٹس لے یا نہ لے ، لیکن سندھ حکومت اس کا ضرور نوٹس لے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص کونسلر کے انتخابات میں ہارگیا تھا بعد میں 2018 کے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے ایم این اے اور بعد میں وزیر بن گیا ۔ یہ چاہتے ہیں کہ خوف کا ماحول پیدا کیا جائے تاکہ شہری ووٹ کے لیے باہر نہ نکلیں ۔ ان کے دماغ میں کیا منصوبہ بندی ہورہی ہے ، ہوسکتا ہے کہ یہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے روز خون خرابا کروانا چاہتے ہوں ۔ جماعت اسلامی پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جماعت اسلامی 2013 کے عام انتخابات میں دوپہر 2 بجے بائیکاٹ کر کے چلی گئی تھی ۔ ان کو دو بار کراچی کے میئر کا عہدہ ملا ہے، کوئی ایک میگا پروجیکٹ بتائیں جو انہوں نے مکمل کیا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے تعلیمی اداروں میں کلاشنکوف کلچر متعارف کرایا ۔

تعلیمی اداروں میں کلچر ایونٹس اور تہوار منانے سے لوگوں کو روکتے رہے ہیں اور اپنی سیاست دوسروں پر زبردستی مسلط کرتے رہے ہیں ۔ یہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتے محض الزامات اور نفرت ان کی سیاست کا محور ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنی عملی کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کرتی ہے ۔ سندھ حکومت نے کراچی میں ہر شعبہ میں کام کیا ہے ۔ صحت کی سہولیات پورے پاکستان میں سب سے زیادہ کراچی میں ہیں ۔ کیا پاکستان میں کہیں سرطان کا مفت علاج ہوتا ہے ۔ کراچی میں پاکستان کا پہلا اسٹیٹ آف انفیکشن ڈزیزز ہسپتال سندھ حکومت نے قائم کیا۔ چیسٹ پین موبائل یونٹ کا نیٹ ورک پورے شہر میں پھیلایا ہے ۔ شہر میں تعلیم ، پارکس ، پل اور سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر کیا ہے ۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سندھ حکومت نے بہترین کام کیا ہے ، دیر ضرور لگی ہے ، لیکن اب روز بروز نئے پروجیکٹس ٹرانسپورٹ کے شعبے میں لائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عملی کام کر رہی ہے ، جس کو عوام میں پذیرائی مل رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں ، ان کو ووٹ نہیں ملیں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر یہ لوگ چاہتے ہیں کہ کراچی کی عوام ان کو ووٹ دیں تو ان کو عملی کارکردگی دکھانی پڑے گی، اب لوگ ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا مسئلہ ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے سختی سے احکامات جاری کر دیئے ہیں، پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کو بھی سڑکوں پر تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔

جب کہ سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جس کے لئے بجٹ میں 100 فیصد فنڈز مختص کئے گئے تھے، لیکن سیلاب ایمرجنسی کی وجہ سے اس میں 50 فیصد کٹوتی کی گئی ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کو آئندہ مالی سال تک مکمل کریں گے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میرپور خاص میں آٹے کی خریداری کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا اور ایک شہری کی قیمتی جان ضایع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک مکیش کمار چاولہ نے اسٹالز کی تعداد بڑھانے کے احکامات دے دیئے ہیں تاکہ رش کی وجہ سے اس قسم واقعات پیش نہ آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام سے اپنی کمٹمنٹ پوری کرے گی اور 15 مارچ تک رعایتی نرخوں پر 65 روپے فی کلو آٹا فراہم کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں روزانہ لاکھوں افراد اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں ۔

پاکستان کے کسی صوبہ میں یہ سہولت میسر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اربوں روپے کی سبسڈی دی رہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دو صوبوں میں حکومت ہے ، خیبرپختونخوا میں کرپشن کی روز بروز نئے قصے رپورٹ ہو رہے ہیں ۔ آج پاکستان کے سب سے بڑے اخبار کے فرنٹ پیج پر خیبرپختونخوا حکومت کی اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کی رپورٹ شایع ہوئی ہے ۔رپورٹ میں توانائی ، زراعت اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں اور کرپشن کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سب سے کرپٹ ترین ٹولہ ہے اگر ان کے خلاف صحیح معنوں میں کیس چلیں اور تحقیقات ہوں تو یہ اپنے خاندانوں سمیت جیلوں میں پڑے ہونگے ۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کچھ روز قبل ان پر اور ان کے ایک وزیر پر پی ٹی آئی اور فواد چوہدری نے مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا تھا ، ایک ہفتہ گزر گیا ہے لیکن انہوں نے نہ ہی مجھ پر مقدمہ درج کیا اور نہ ہی میرے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ان کی قیادت کو انہوں نے لیگل نوٹس بھیج دیا ہے ، میں ان کو چیلنج کرتا ہوں کہ ان میں ہمت ہے تو میرے خلاف مقدمہ درج کرائیں اور الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں