بجلی صارفین

پاکستان پیپلز پارٹی نے بجلی صارفین پر سرچارج مسترد کردیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی نے بجلی صارفین پر سرچارج مسترد کردیا۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے اپنے بیان میں کہاکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی کڑی شرائط پر بجلی صارفین پر 150ارب روپیسرچارج ڈال دیا گیا ہے ،پارلیمنٹ بے توقیر ہے اور صدرہاؤس آرڈیننس فیکٹری بنا دیا گیا ہے، سٹیٹ بینک بری ترین طرز حکمرانی دور میں نئے ٹیکسوں سے مزید مہنگائی کا اعلان کر رہا ہے ،مہنگائی کی سونامی میں ڈوبے عوام الناس کو میسر تمام ریلیف اور سبسڈیز ختم کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر بجلی گیس پٹرول قیمتوں میں مسلسل اضافے سے صنعتیں بند اور برآمدات متاثر ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ذاتی خاندانی اور وزرا کی فوج ظفر کا بوجھ عوام الناس پر ڈالنا حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے ،ادویات کی قیمتوں میں پانچ سو گنا اضافہ اور ہسپتالوں میں مفت ادویات سہولت ختم کی جا چکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ زرعی اجزا کھاد کی قیمتوں میں اضافہ نے کسانوں کی کمر توڑ دی ہے،صوبوں کے وسائل روک کر انسانی ترقی کو تباہی سے دوبار کر دیا گیا ہے،عوام الناس پوچھتے ہیں مہنگی بجلی گیس بل جلانے والے عمران خان کہاں سو رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ حکمران عوام کے مددگاروں کی بجائے آئی ایم ایف کی آلہ کاروں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہوشرباء مہنگائی کے سونامی میں ڈوبے عوام کو بار بار مہنگی بجلی کے جھٹکے دئے جاتے ہیں، حکمران اپوزیشن کو دبانے کیلئے دن رات منصوبہ بندی میں مصروف ہیں ۔انہوںنے کہاکہ گھمبیر مسائل کا حل صرف اور صرف نئے انتخابات میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں