گمراہ کن بیانات

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے گمراہ کن بیانات کو مسترد کردیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے گمراہ کن بیانات کو مسترد کردیا ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت نے وزیر اعظم پاکستان کے بیان کو بھی پوری طرح توڑ مروڑ کر پیش کیا، بھارت کی شرارتی کوشش انتہائی قابل مذمت ہے۔

ترجمان عائشہ فاروقی نے کہاکہ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے بیانات مقبوضہ کشمیر میں جاری سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے مہم کا تسلسل ہے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے،پاکستان میں سرحد پار سے ہمارے عوام کے خلاف ہونے والی دہشت گردی بھی شامل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دہشتگردی سے ہمارے ہزاروں شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں بہادر جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کی قربانیوں کو عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے،بھارت میں اقلیتوں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم نے بھارتی ہندتوا سوچ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے،بھارت اپنے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی رپورٹ سے متعلق غلط بیانی کر رہا ہے، ہمیں یقین ہے کہ عالمی برادری کو گمراہ نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ افغانستان میں جاری امن عمل کے لئے سہولت کار کے طور پر پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا ہے، پاکستان نے افغان امن عمل کے آغاز سے ہی عالمی برادری کو خطے میں بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر سے آگاہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں