چوہدری محمدسرور

پاکستان میں فرقہ واریت کے فروغ کے بھارتی عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے مذہبی طبقات کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر نا چاہیے ‘چوہدری محمدسرور

لاہور(عکس آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کاشکار کر نا چاہتا ہے،افواج پاکستان اور حکومت سمیت تمام ادارے ملک دشمنوں کیخلاف متحد ہیں ،پاکستان میں فرقہ واریت کے فروغ کے بھارتی عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے تمام مذہبی طبقات کو بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر نا چاہیے ۔

وہ اتوار کے روز رائے ونڈ روڈ پر نامور بزنس مین سعد اشرف اور درمان اشر ف کے شور روم کا دورہ کر نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ الحمد للہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ملک کو آج درست سمت پر گامز ن کر دیا ہے جسکی وجہ سے بیرونی سر مایہ کاری میں اضافے کے ساتھ پاکستان میں بھی بزنس کیمونٹی کا حکومت پر مکمل اعتماد بڑھ رہا ہے انڈسڑی سمیت تمام سیکٹر میں کورونا کے بعد تیزی کیساتھ معاشی سر گر میاں شروع ہو چکیں ہیں اور ملک میں روزگارکے نئے مواقعے بھی مل رہے ہیں چوہدری محمدسرور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت آرا یس ایس کے انتہا پسندانہ ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے امریکی جریدے فارن پالیسی نے بھی بھارت کی دہشت گردی کو بے نقاب کر دیا ہے انڈین دہشت گرد پاکستان کا بھی امن تباہ کر نا چاہتے ہیں مگر ہم ان کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ملک میں انتشار اور قومی اداروں کو کمزور کر نے کی پالیسی پر چل رہی ہے جو کسی بھی صورت ملک وقوم کے مفاد میں نہیں جب بھارت پاکستان کیخلاف سازشیں کررہا ہے ان حالات میں پاکستان کسی بھی طر ح سیاسی انتشار اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لیے اپوزیشن کو چاہیے وہ احتجاجی جلسوں کی پالیسی پرنظر ثانی کر ے اور ملک کی مضبوطی اور استحکام کے لیے پار لیمنٹ کے اپنا کردار ادا کر ے ۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے خاموشی ختم کریں اور بھارت کو باقاعدہ طور پر دہشت گرد ملک قرار دیں انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی بھارتی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کر ناہوگا کیونکہ بھارت کی دہشت گردکی وجہ سے پورے خطے میں امن دائو پر لگ چکا ہے خطے میں امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے اور پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں