پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا

لاہور (عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسے فی الفور واپس لیا جائے۔
پٹرول کی قیمت نہ بڑھا کر ہیرو بننے کی کوشش کرنے والے بجلی کی قیمت بڑھا کر زیرو بن گئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایل این جی کی درآمد میں مجرمانہ تاخیر کی جس سے گیس کی بجائے تیل سے مہنگی بجلی پیدا ہوئی، اس کا ذمہ دار کون ہے؟
میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آٹا، گندم، چینی، دوائی اور پٹرول چوری سے حواریوں کی جیبیں بھری جا رہی ہیں جبکہ غریب عوام پر ہر روز مزید بوجھ لادا جا رہا ہے۔
کے الیکٹرک کی مذمت کرنے والے وزیراعظم اور ان کے وزرا کس منہ سے خود مہنگی بجلی کا بم عوام پر گرا رہے ہیں۔ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، ورنہ شدید احتجاج کیا جائے گا کیونکہ ہمیں عوام کے ساتھ ظلم وزیادتی برداشت نہیں ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ معیشت، کاروبار، روزگار ٹھپ ہے اور حکومت ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام سے جینے کا حق چھین چکی ہے۔ حکومت پہلے ہی ریکارڈ مقدار میں بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں