وزیر نجکاری

پاکستان سی پیک منصوبے سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکا، وزیر نجکاری

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ پاکستان چینی اقتصادی راہداری سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکا۔وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان چینی اقتصادی راہداری سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکا اور جس کے نتیجے میں اس کی سب سے بڑی ناکامی برآمدات میں اضافہ نہ ہونا ہے جو نہ صرف بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے ازحد ضروری ہے بلکہ غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔

تقریب کا انعقاد پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا تھا، جس کا مقصد اس پورے منصوبے کا جائزہ لینا تھا۔فواد حسن فواد کا کہنا تھا کہ سن 2013 سے 2018 کے پانچ برسوں کے دوران پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے کچھ زیادہ فائدہ نہیں اٹھاسکا جبکہ 2018 کے بعد سے تو اس منصوبے پر کوئی کام نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جو منصوبے اس وقت زیر تکمیل نظر آرہے ہیں، یہ سب 2013 سے اسی طرح ہیں، چین نے دنیا کے متعدد ممالک سے 3 ہزار سے زائد منصوبوں کے معاہدے ہیں جن پر مجموعی طور پر 800 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئے گی جبکہ پاکستان میں صرف 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور یہ رقم سی پیک کے تحت 20 منصوبوں پر خرچ کی جارہی ہے،جن میں سے 68 فیصد رقم توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہوگی، جو کچھ بھی پاکستانی معیشت کے ساتھ ہورہا ہے اس کے ذمہ دار سی پیک نہیں بلکہ ہم خود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں