فواد احمد

پاکستان سپر لیگ ایک بڑا چیلنج ہے ،نمٹنے کیلئے تیار ہیں،فواد احمد

ابوظہبی (عکس آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ایک بڑا چیلنج ہے ،نمٹنے کیلئے تیار ہیں،پی ایس ایل کے 21 روزہ ٹورنامنٹ کیلئے انہیں مجموعی طور پر 57 دن کا قرنطینہ کرنا ہے ، اس کے سوا کوئی آپشن بھی نہیں،امید ہے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بھی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔ایک انٹرویو میں آسٹریلیا کی جانب سے تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے والے فواد احمد نے کہا کہ میلبورن میں سخت سرد موسم تھا اور وہاں سے نکل کر وہ ابوظبی کے شدید گرم موسم میں آئے ہیں اور یہ ایک بڑا چیلنج ہے تاہم وہ اس چیلنج کیلئے کافی پرجوش ہیں کیوں کہ کورونا وائرس وبا کے دوران بھی کرکٹ کھیلنے کا موقع میسر آنا اہم بات ہے کیوں کہ یہ کھیل ہر پروفیشنل کرکٹر کا روزگار ہے۔فواد احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں بہترین مقابلہ ہوتا ہے، ہر ٹیم میں چار غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی سے ٹیموں کا بیلنس زبردست بن جاتا ہے، ٹیموں کے پاس شاندار بولنگ ٹیلنٹ ہے جو مقامی بولرز پر مشتمل ہے اور پھر بیٹنگ میں غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی ٹیموں کو اور بھی مضبوط بنادیتی ہے۔

39 سالہ کرکٹر نے کہا کہ کرکٹ میں ڈیٹا اینالیسس کا کردار اہم ہوتا ہے کیوں کہ ہوم ورک کرنے کیلئے یہ تمام چیزیں جاننا ضروری ہوتا ہے کہ آپ کے حریف کی کمزوری اور خامیاں کونسی ہیں۔انہوں نے اسلام آباد کے کپتان شاداب خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شاداب بہترین ٹیلنٹ ہے، گزشتہ دنوں وہ فٹنس کی وجہ سے کافی مسائل میں رہا لیکن خوشی ہے کہ شاداب واپس ایکشن میں ہے۔فواد احمد نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کے مجموعی مقصد کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، یہ کردار بظاہر چھوٹا کردار بھی ہوسکتا ہے لیکن ٹیم کے مجموعی مقصد کے حصول میں اس کی کافی اہمیت ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیم اسپورٹ میں ضروری ہوتا ہے کہ کم از کم چھ یا سات پلیئرز تسلسل کے ساتھ پرفارم کریں اور ایسا ہونے کی صورت میں ہی ٹیم کو کامیابی ملتی ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ایس ایل کے 21 روزہ ٹورنامنٹ کیلئے انہیں مجموعی طور پر 57 دن کا قرنطینہ کرنا ہے لیکن اس کے سوا کوئی آپشن نہیں، واپس آسٹریلیا جائیں گے تو وہاں اور بھی سخت قرنطینہ ہے جس میں تازہ ہوا تک میسر نہیں ہوسکتی۔فواد احمد نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پی ایس ایل کی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں فین بیس کچھ کم ہے لیکن یہ ٹیم سب سے کامیاب ٹیم ہے، امید ہے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بھی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں