چیئرمین سینیٹ

پاکستان روانڈا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،چیئر مین سینٹ

اسلام آباد(عکس آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،لک افریقہ پالیسی کے تحت تعاون کی نئی راہیں کھلنے، بہتر روابط اور تجارتی تعاون میں مدد ملے گی،پاکستان نے روانڈا میں اپنا سفارتخانہ قائم کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

سینیٹ سکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے روانڈا سینیٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانسواں زیویئر کی سربراہی میں پارلیمانی وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران سینیٹرز دلاور خان، نسیمہ احسان، ذیشان خانزادہ، فدا محمد، بہر مند خان تنگی اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں لک افریقہ پالیسی کے تحت دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پارلیمانی روابط، سفارتکاری اور وفود کے تبادلوں پر پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات فروغ پا رہے ہیں،افریقی بھائیوں کے ساتھ دوستانہ اور اچھے تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا خوبصورت اور صاف ستھرا ملک ہے، افریقی ممالک نے آپس کے جھگڑے صبر وتحمل اور مل جل کر خود حل کیے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج پاکستان اور روانڈا کے مابین دوستی کا نیا باب کھل رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان اور سینیٹ آف پاکستان ہر طرح کے اچھے تعلقات،تعاون اور مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زراعت، فوڈ سکیورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کے تاجروں کے تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ معاونت اور رابطہ کاری کیلئے خصوصی حکمت عملی وضح کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لک افریقہ پالیسی کے تحت تعاون کی نئی راہیں کھلنے، بہتر روابط اور تجارتی تعاون میں مدد ملے گی۔ پاکستان نے روانڈا میں اپنا سفارتخانہ قائم کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے روانڈا بھی پاکستان میں اپنا سفارتخانہ قائم کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے تاجروں سرمایہ کاروں اور عوام کو سہولت میسر ہو۔ خطے میں امن اور ترقی کیلئے پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہمیں پارلیمانی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقائی امن اور ہم آہنگی کے فروغ اور ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔
ملاقات میں مسئلہ فلسطین پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ دنیا کے امن کیلئے بہت اہم ہو چکا ہے۔فلسطین میں جو ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی جو پامالی ہو رہی ہے اس پر دنیا کا کوئی انسان خاموش نہیں رہ سکتا۔فلسطین میں جاری ظلم و بربریت کا تعلق کسی مذہب سے نہیں، وہاں انسانیت کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے اقوام عالم کو ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔فسلطین اور کشمیر کے مسائل حل کیے بغیر دنیا میں امن کا قیام ناممکن ہے۔

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کا مسئلہ پاکستان کا بنایدی مسئلہ ہے۔ بھارت نے2019مقبوضہ کشمیر کو اوپن جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ کشمیر کو مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔ اقوام عالم کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے ان مسائل کے فوری حل کے لئے حکمت عملی اختیار کرناچاہیے۔

مذاکرات ہی مسائل کا حل ہوتے ہیں اقوام عالم اسرائیل کو مجبور کرے کہ وہ مذاکرات سے مسائل حل کی طرف آئے۔ دنیا میں کہیں بھی انسانیت کا مسئلہ ہو پاکستان ضرور آواز اٹھاتا ہے۔پاکستان کا ادارہ برائے پارلیمانی خدمات دنیا کے پارلیمنٹرین کے لئے موثر تربیت کے پروگرام مرتب کرتا ہے۔روانڈا کے پارلیمنٹرین کے لئے بھی تربیتی پروگرام دینے کے لئے تیار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نیکہاکہ روانڈا سے تعلق رکھنے والے انجینئرنگ اور میڈیکل کے طالبعلموں کے لئے چھ وظائف کا اعلان کرتا ہوں۔پاکستان میں انجینئر نگ اور میڈیکل کی تعلیم کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ کاروباری و سرمایہ کاری کے شعبوں میں وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے افریقی سرمایہ کاروں کو پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا ۔ ملاقات میں ڈاکٹر کالندا فرانسواں زیویئر نے کہاکہ پاکستان میں شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مشکور ہوں۔ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔ پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری و دیگر شعبوں میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔ روانڈا سینیٹ کے صدر ڈاکٹر نے لندا فرانسواں زیویئر نے ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں افریقی سرمایہ کار اس سے مستفید ہو نگے۔ فلسطین کا مسئلہ پوری دنیا کیلئے پریشانی کا باعث بن چکا ہے۔ اقوام عالم کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

بعد ازاں روانڈا کے وفد نے سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا جہاں وفد کو ایوان بالا کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی۔روانڈا کی سینیٹ کے صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں