ڈاکٹر جاوید اکرم

پاکستان بے پناہ صلاحیتوں ، خوبیوں سے مالا مال ، دنیا کے کسی بھی ملک سے پیچھے نہیں ‘ ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (عکس آن لائن) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایکسپو سنٹر میں سی پاکستان 2023 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، چئیرمن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد، چوہدری عبدالرحمن اور غیر ممالک سے آئے مقررین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سب سے پہلے انتہائی اہم اور خوبصورت کانفرنس کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد اور شاباش دینا چاہتا ہوں۔

پاکستان دنیا کے کسی بھی ملک سے پیچھے نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ صلاحتیوں اور خوبیوں سے نوازا ہے۔ ہمیں منزل حاصل کرنے کیلئے مقصدیت کو نہیں بھولنا چاہئے۔ مجھے کورونا وائرس پر ریسرچ شروع کرنے پر کیسز کا سامنا کرنا پڑا۔مثبت سوچ رکھنے والے ایک دن اپنی منزل پا ہی لیتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ عوام کی بہتری کے منصوبوں کو کبھی ختم نہیں ہونا چاہئے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور ان کی کابینہ نے محنت سے عوام میں اپنا مقام حاصل کیا ہے۔

پنجاب کی نگران کابینہ کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں لیکن ہم عوام کی بہتری کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے ہر شعبہ میں محنت کرنے والے لوگ موجود ہیں۔ بس ہمیں اپنے ٹارگٹ کی پہچان کرکے اسے حاصل کرنا ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں طلبائو طالبات کی جدید ریسرچ کو کمرشلائز کرنا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پوری دنیا میں ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ پنجاب کی عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے آرٹیفشل انٹیلی جنس کا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج اس مقام پر اپنے استاد نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی وجہ سے ہوں۔ ہمیں اپنے بچوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا چاہئیں۔ اللہ تعالیٰ اس ملک پاکستان کو ترقی کے عروج پر لے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں